کراچی میں عمارت گرنے کا سانحہ۔3 اعلیٰ افسران برطرف اور 16معطل

سخت اقدامات، غفلت پر اہم عہدے دار فارغ، مالکان کی گرفتاری کا حکم

November 26, 2026 · اہم خبریں

فائل فوٹو

 

کراچی کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت زمین بوس ہونے کے واقعے کے بعد سندھ حکومت نے سخت انتظامی کارروائی کرتے ہوئے 3 اعلیٰ افسران کو عہدوں سے فارغ کر دیا ہے ۔سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 افسران کو معطل کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ حادثے میں اب تک 3 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے ہیں جبکہ ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

میڈیا رپورٹس اور سرکاری ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے ہنگامی اجلاس میں صوبائی وزراء، میئر کراچی، چیف سیکرٹری اور کمشنر کراچی سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت گرنے کے واقعے پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ انسانی جانوں کے زیاں اور غفلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

دستاویزات اور سرکاری احکامات کے مطابق وزیراعلیٰ نے سیکرٹری بلدیات اور ڈی جی ایس بی سی اے وسیم شمشاد کو فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کے ساتھ وفاقی حکومت کو ان کی معطلی اور انکوائری کی سفارش بھی کر دی۔ اس کے علاوہ غفلت برتنے پر ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو بھی فوری طور پر عہدوں سے ہٹا دیا گیا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے ایس بی سی اے کے معطل کیے گئے افسران میں ڈائریکٹر چنیسر ٹاؤن عبد السمیع جملانی، ڈپٹی ڈائریکٹر ماجد علی مگسی، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز شفیع مگسی اور رضا خشک سمیت بلڈنگ انسپکٹرز جاوید قدیر اور ساجد علی بھی شامل ہیں، جنہیں ایڈمن سیکشن ایس بی سی اے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے عمارت کے مالک سلمان طاہر اور بلڈر ذیشان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے جبکہ چیف سیکرٹری کو حکم دیا ہے کہ واقعے میں ملوث آرکیٹیکٹ اور انجینئر کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جائے۔ دریں اثنا، ضلعی انتظامیہ نے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے ایڈمن سوسائٹی میں غیر قانونی طور پر تعمیر کی جانے والی 12 زیر تعمیر عمارتوں کو بھی سیل کر دیا ہے۔