وزیر داخلہ محسن نقوی کا فائر بریگیڈ اسٹیشن کا دورہ، رسپانس ٹائم کا جائزہ
ہنگامی اقدامات کا جائزہ، سکائی لفٹ نے سفر طے کیا، رسپانس ٹائم مزید کم کرنے کی ہدایت۔
وزیر داخلہ محسن نقوی اسلام آباد میں سی ڈی اے فائر بریگیڈ اسٹیشن کے دورے کے دوران رسپانس ٹائم کا جائزہ لے رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں کیپیتال ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے فائر بریگیڈ اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور وہاں موجود فائر فائٹنگ گاڑیوں اور ایمرجنسی عملے کی تیاری کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس دورے کے دوران وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ کے کال سینٹر کا بھی معائنہ کیا جہاں انہوں نے ڈیوٹی پر موجود عملے کی حاضری، پیشہ ورانہ کارکردگی اور رسپانس سسٹم کو سراہتے ہوئے عملے کو شاباش دی۔
دورے کے دوران وزیر داخلہ نے فائر بریگیڈ اسٹیشن سے سیکٹر ایف 11 تک کے ہنگامی سفر اور رسپانس ٹائم کا خود جائزہ لیا۔ وہ خود ڈرائیور کے ساتھ سکائی لفٹ گاڑی میں سوار ہوئے اور اسٹیشن سے ایف 11 تک کا پورا سفر طے کیا۔ دستیاب معلومات کے مطابق اس سکائی لفٹ گاڑی نے یہ فاصلہ تقریباً 12 منٹ میں مکمل کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو سخت ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی ہنگامی کال موصول ہونے پر فائر بریگیڈ اسٹیشن سے فائر فائٹنگ گاڑیوں کی روانگی میں ایک لمحے کی بھی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ ہنگامی حالات میں رسپانس ٹائم کو مزید کم کیا جائے کیونکہ فائر فائٹنگ عملے کا تیز تر اور بروقت رسپانس ہی کسی بھی بڑے جانی و مالی نقصان کو ٹالنے کی بنیادی ضمانت ہے۔