کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 143 عمارتیں سیل
افسوسناک حادثے کے بعد سخت اقدامات، ملبے سے مزید لاشیں برآمد، ریسکیو آپریشن جاری
کراچی میں غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن، 143 عمارتیں سیل
کراچی ایڈمن سوسائٹی میں 6 منزلہ عمارت کے منہدم ہونے کے بعد سندھ حکومت اور ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں غیر قانونی اور غیر مجاز تعمیرات کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 143 زیرِ تعمیر عمارتوں کو سیل کر دیا ہے۔ اس سانحے کے بعد ملبے سے مزید لاشیں برآمد ہونے سے جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہو گئی ہے جبکہ ریسکیو حکام کے مطابق تاحال 13 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔
دستاویزات اور سرکاری تفصیلات کے مطابق 600 گز کے رہائشی پلاٹ پر واقع منہدم ہونے والی عمارت کا منظور شدہ نقشہ گراؤنڈ پلس ون کا تھا، تاہم اس پر اصولوں کے خلاف جا کر غیر قانونی طور پر مزید منزلیں تعمیر کی گئی تھیں۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے احکامات پر کمشنر کراچی حسن نقوی کی زیر نگرانی شہر بھر کے مختلف اضلاع میں کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران ضلع جنوبی میں 36، ضلع شرقی میں 35، ضلع وسطی میں 20، ضلع غربی میں 12، ضلع ملیر میں 7 اور ضلع کیماڑی میں 4 غیر قانونی عمارتیں سیل کی گئی ہیں۔
کمشنر کراچی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی ہے کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔ دریں اثناء سیکریٹری بلدیات نے ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو سخت احکامات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالتی حکمِ امتناع (اسٹے آرڈر) کی حامل زیرِ تعمیر عمارتوں پر بھی کام فوری روکا جائے اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے تمام غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف بلا تاخیر انہدامی کارروائی عمل میں لائی جائے۔