آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرایا،کوئی تحریری نوٹس نہیں دیاگیا،جے یو آئی رہنماشاہدہ اختر علی
گھر کو سیل کرنے کے بعد اہل خانہ کو اندر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ حکام گھر کے اندر کیا کارروائی کرنے والے ہیں۔
آدھے گھنٹے میں گھر خالی کرایا،کوئی تحریری نوٹس نہیں دیاگیا،جے یو آئی رہنماشاہدہ اختر علی
اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کی رکن قومی اسمبلی شاہدہ اختر علی نے الزام عائد کیا ہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کے صاحبزادے مولانا اسجد محمود کو لاپتا کردیا گیا ہے، جبکہ ان کی رہائش گاہ کو اہل خانہ سے آدھے گھنٹے میں خالی کراکے سیل کردیا گیا۔
اپنے بیان میں شاہدہ اختر علی نے کہا کہ اہل خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے صرف آدھے گھنٹے کا وقت دیا گیا اور انہیں کوئی تحریری نوٹس یا اس کی ہارڈ کاپی فراہم نہیں کی گئی۔ ان کے بقول حکام نے موبائل فون پر ایک پیغام دکھایا، جسے مکمل طور پر بھی نہیں بتایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گھر میں بچے موجود تھے، جبکہ ایک معذور خاتون بھی تھیں جن کے پاؤں میں فریکچر ہے۔ اتنے مختصر نوٹس پر اہل خانہ کو گھر سے نکالنا اور پوری رہائش گاہ کو سیل کردینا سمجھ سے بالاتر ہے۔
شاہدہ اختر علی کا کہنا تھا کہ گھر کو سیل کرنے کے بعد اہل خانہ کو اندر جانے کی اجازت بھی نہیں دی جارہی اور انہیں یہ بھی معلوم نہیں کہ حکام گھر کے اندر کیا کارروائی کرنے والے ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گھر میں موجود سامان، املاک یا مولانا فضل الرحمٰن کے اہل خانہ کے حوالے سے کوئی نقصان ہوا تو اس کی ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہوگی۔
جے یو آئی کی رہنما نے کہا کہ ہم پاکستان کے شہری ہیں اور پاکستان کے شہری رہیں گے، ہمارے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے۔ انہوں نے گھر خالی کرانے اور سیل کرنے کے طریقہ کار پر سوالات اٹھاتے ہوئے اسے مبینہ غیر قانونی کارروائی قرار دیا۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کی رہائش گاہ سیل کیے جانے کے معاملے پر جے یو آئی کی جانب سے مسلسل تحفظات کا اظہار کیا جارہا ہے۔ تاہم مولانا اسجد محمود کی مبینہ گمشدگی اور گھر خالی کرانے کے الزامات پر متعلقہ حکام کا مؤقف سامنے آنا باقی ہے۔