کراچی فوارہ چوک جلسہ،سیکیورٹی سخت،ریڈ زون میں کنٹینرز نصب

انتظامات سخت، ٹریفک پلان جاری، متبادل راستے اختیار کرنے کی ہدایت۔

November 29, 2026 · قومی
کراچی فوارہ چوک جلسہ،سیکیورٹی سخت،ریڈ زون میں کنٹینرز نصب

کراچی فوارہ چوک جلسہ،سیکیورٹی سخت،ریڈ زون میں کنٹینرز نصب

کراچی میں سندھ ترقی پسند پارٹی کے فوارہ چوک پر جلسے کے اعلان کے بعد شہر کے ریڈ زون میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کرتے ہوئے رات گئے بڑی تعداد میں کنٹینرز پہنچا دیے گئے ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق گورنر ہاؤس سے میٹروپول تک مختلف مقامات پر کنٹینرز رکھ دیے گئے ہیں جبکہ گورنر ہاؤس روڈ کو بھی کنٹینرز لگا کر جزوی طور پر بند کردیا گیا ہے۔

ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق سیاسی جماعت کی یہ ریلی مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک عبداللہ ہارون روڈ پہنچے گی، جس کے باعث پی آئی ڈی سی روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ متوقع ہے۔

ٹریفک حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پریشانی سے بچنے کے لیے متبادل راستے اختیار کریں۔ ایم آر کیانی روڈ سے آنے والے شہری سرور شہید روڈ، عبداللہ ہارون روڈ اور لکی اسٹار کا راستہ استعمال کر سکتے ہیں۔ اسی طرح ایم اے جناح روڈ سے آنے والے شہری فوارہ چوک کے بجائے متبادل راستے اختیار کریں جبکہ ڈی آئی جی آفس سے صدر، زینب مارکیٹ یا ریگل چوک جانے والے بھی متبادل راستوں کا رخ کریں۔

مزید برآں، صدر موبائل مارکیٹ سے کینٹ اسٹیشن جانے والے اور کھجور چوک سے فوارہ چوک جانے والی ٹریفک کو بھی متبادل راستوں پر منتقل کیا جائے گا۔ ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں سے مکمل تعاون کریں۔ کسی بھی دشواری یا رہنمائی کی صورت میں شہری ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔