کراچی: عمارت گرنے سے ہلاکتوں کی تعداد 16 ہو گئی

عمارت کو گرانے کا کام اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی سٹے آرڈر کا سامنا ہے، مرتضیٰ وہاب

November 29, 2026 · قومی
فوٹو ریسکیو1122

فوٹو ریسکیو1122

کراچی : بلوچ کالونی کے قریب ایڈ من سوسائیٹی میں گرنے والی چھ منزلہ عمارت کے ملبے سے مزید تین لاشیں نکال لیں، جس کے بعد اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 16 ہو گئی ہے۔

حادثے کے ایک روز بعد جمعرات کو وزیراعلیٰ نے سیکریٹری بلدیات وسیم شمشاد، ڈپٹی کمشنر ایسٹ نصراللہ عباسی اور ایس ایس پی ایسٹ زبیر شیخ کو عہدوں سے ہٹانے کی ہدایت کی تھی۔ اس کے علاوہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے 16 متعلقہ افسران کو بھی معطل کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

اس سے قبل بدھ کو کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب نے اس علاقے کا دورہ کیا تھا اور اس عمارت کو ’غیرقانونی‘ قرار دیا تھا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وہ وزیر بلدیات اور وزیر اعلیٰ سندھ سے بھی بات کریں گے یہ کام اب بند ہونا چاہیے کہ غیرقانونی تعمیرات ہوں، شہریوں کی جان و مال کو نقصان ہو۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ میں نے خود ابھی ایک خط دیکھا ہے جس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کہہ رہی ہے کہ ہم عمارت کو گرانے کا کام اس لیے نہیں کر سکتے کیونکہ کہ ہمیں عدالتی سٹے آرڈر کا سامنا ہے۔