’پاکستان اور سعودیہ کا آئل ریفائنری کے قیام پراتفاق‘

اسلام آباد: وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان نے کہا ہےکہ سعودی عرب سے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پراتفاق ہوا ہے۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور خان سے سعودی عرب کے مشیر توانائی کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں وفاقی وزیر نے مہمانوں کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا۔
ملاقات میں غلام سرور خان نے کہاکہ ہم برادر ملک سے توانائی سمیت تمام شعبوں میں تعاون چاہتے ہیں جب کہ سعودی مشیر کا کہنا تھاکہ امید ہے ہمارے دورے کے مثبت نتائج نکلیں گے۔
سعودی حکام سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے بتایاکہ سعودی وفد سے بہت اچھی ملاقات ہوئی ہے، سعودی عرب سے گوادر میں آئل ریفائنری کے قیام پراتفاق ہوا ہے، سعودیہ کو تیل اور گیس کی تلاش کے 10 بلاکس میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔
وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ سعودی وفد نے تیل اور گیس میں سرمایہ کاری میں دلچسپی ظاہر کی ہے، سعودی عرب کے وزیر توانائی کا دورہ اکتوبر کے آخر میں متوقع ہے، سعودی وزیر توانائی کے دورے پر دونوں ملک ایم اویوز پر دستخط کریں گے۔