جنوبی پنجاب صوبے کا قیام آسان کام نہیں ہے، عارف علوی

پشاور:صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کا قیام آسان کام نہیں، مسائل کا سامنا ہے لیکن مسائل جلد حل ہوجائیں گے۔
پشاور میں گورنرخیبر پختونخوا کے ہمراہ پریس کانفرنس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ فاٹا کی تعمیر نو میں 10 سال میں ایک ہزار ارب روپے خرچ کرنے کا پروگرام ہے۔
انہوں نے کہا کہ بے ہنگم تعمیرات نے مری کو تباہ کیا، قدرتی ماحول متاثر کئے بغیر سیاحت کے فروغ کی کوششیں کریں گے، ان کاکہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور ناران کی تعمیر نو میں احساس ہوا کہ اگر بغیر منصوبے کے تعمیرات ہونگی تو خوبصورتی ماند پڑجائے گی۔
صدرعارف علوی کا کہنا تھا کہ تمام صوبوں کے درمیان تعلقات پیدا کرنا میری ذمہ داری ہے،انہوں نے کہا کہ حکومت کو کبھی کبھی عوام لیڈ کرتی ہے۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ لیویز اور خاصہ دار فورس کا کوئی اہلکار بے روزگار نہیں ہوگا،بلکہ مزید 30 ہزار لوگوں کو روزگار دیا جائے گا۔
صدر مملکت پشاور میں واقع بلور ہاؤس بھی گئے اور ہارون بلور کی شہادت پر اہل خانہ سے تعزیت کی ۔