بھارتی کھلاڑی میچ کے بعد ٹرافی کے ہمراہ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)
بھارتی کھلاڑی میچ کے بعد ٹرافی کے ہمراہ خوشی کا اظہار کر رہے ہیں(فوٹو سوشل میڈیا)

بھارت نے آسٹریلوی سرزمین پر پہلی ٹیسٹ سیریز جیت لی

سڈنی: آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان چوتھا ٹیسٹ بارش کے باعث ڈرا ہونے سے بھارت نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز دو ایک سے جیت لی۔
بھارتی ٹیم پہلی بار آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے، ویرات کوہلی کی قیادت میں نہ صرف بھارت نے آسٹریلوی سر زمین پر پہلی سیریز جیتی بلکہ وہ کینگروز کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے والا پہلا ایشیائی ملک بھی بن گیا ہے۔
چوتھے اور آخری ٹیسٹ میں فالو آن ہوجانے کے بعد آخری دن آسٹریلیا کو میچ بچانے کے لئے پورا دن بیٹنگ کرنا تھی، لیکن بارش کے باعث آخری دن کے کھیل کی ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی اور یوں آسٹریلیا سڈنی ٹیسٹ کی شکست سے بچ گیا، تاہم سیریز ہار گیا۔
بھارت کی جانب سے چتشیور پجار امیچ اور سیریزکے بہترین کھلاڑی قرار دیئے گئے، انہوں نے سڈنی ٹیسٹ میں 193 رنز کی اننگز کھیلی، پجارا نے سیریز میں 3 سنچریوں کی مدد سے 571 رنز بنائے۔
واضح رہے کہ بھارت نے سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 7 وکٹوں پر 622 رنز بناکر اننگز ڈکلئیر کی تھی، جس کے جواب میں آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں 300 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی ۔