وزیراعظم سے عثمان بزدار کی ملاقات،سانحہ ساہیوال کی تحقیقات پر بریفنگ

وزیراعظم عمران خان ایوان وزیراعلیٰ پنجاب پہنچےجہاں انہیں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات پربریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے ملاقات کی جس کے دوران صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیراعظم عمران خان کو سانحہ ساہیوال پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور پولیس اصلاحات کے بارے میں بریفنگ دی۔

وزیراعظم عمران خان سے گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی ملاقات کی جس کے دوران وزیراعظم نے پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لئے واٹر اتھارٹی کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے واٹر اتھارٹی کے قیام کے لیے جلد قانون سازی کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم عمران خان نے ہاوسنگ منصوبے سے متعلق اجلاس کی بھی صدارت کی اور منصوبے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا،پنجاب کے مختلف شہروں میں منصوبے کے لیے مختص سائٹس پر بھی بریفنگ دی گئی۔

ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس بھی ہوگا جس میں سانحہ ساہیوال کی تحقیقات پر بریفنگ دی جائے گی اور جے آئی ٹی وزیراعظم کو رپورٹ بھی پیش کرے گی۔

دوسری جانب جے آئی ٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سانحہ ساہیوال میں مدعی اور عینی شاہدین تعاون نہیں کر رہے، جے آئی ٹی کی تحقیقات کے مطابق مزید گرفتاریوں کا امکان ہے۔