خورشید شاہ کی گرفتاری کےخلاف سندھ کے مختلف شہروں احتجاج

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ کی گرفتاری کے خلاف سکھر سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں احتجاج شروع ہوگیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق خورشید شاہ کی گرفتاری کی خبر ملتے ہی سندھ میں جیالے مشتعل ہوگئے اور انہوں نے احتجاج شروع کردیا۔

پیپلز پارٹی کے جیالوں کی جانب سے سکھر، پنو عاقل اور روہڑی میں احتجاج کیا جارہا ہے، بعض مقامات پرجیالوں نے ٹائر جلا کر سڑکیں بلاک کردی ہیں۔ جیالوں کی جانب سے بدھ کی رات 8 بجے سکھر پریس کلب پر بڑے احتجاج کی کال بھی دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ نیب راولپنڈی اور سکھر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ کو بنی گالہ اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے۔ انہیں جمعرات کو سکھر کی احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ انہیں نیب حکام نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں طلب کیا تھا لیکن خورشید شاہ نے پیش ہونے سے معذرت کرلی تھی جس کے باعث انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.