نیوزی لینڈ میں ہار پر مجھے اور ٹیم کو مایوسی ہوئی ہے۔فائل فوٹو
نیوزی لینڈ میں ہار پر مجھے اور ٹیم کو مایوسی ہوئی ہے۔فائل فوٹو

مصباح الحق کو فارغ کرکے غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیوزی لینڈ میں قومی ٹیم کی انتہائی ناقص کارکردگی پر ہیڈ کوچ مصباح الحق کو فارغ کرکے غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق دورہ نیوزی لینڈ کے دوران ٹی 20 اور ٹیسٹ سیریز میں شکست کے بعد پی سی بی نے ہیڈ کوچ مصباح الحق سے مزید خدمات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اور جنوبی افریقہ کیخلاف ہوم سیریز بطور ہیڈ کوچ ان کی ممکنہ طور پر آخری سیریز ہو گی۔ نجی خبر رساں ادارے دنیا نیوز کے مطابق پی سی بی نے غیر ملکی کوچ لانے کا فیصلہ کیا ہے اور زمبابوے کے گرانٹ فلاور جبکہ جنوبی افریقہ کے گیری کرسٹن ممکنہ امیدواروں میں شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی اسکواڈ کی وطن واپسی پر بورڈ حکام کی جانب سے ناصرف مصباح الحق سے جواب طلبی ہو گی بلکہ بیٹنگ کوچ یونس خان اور باﺅلنگ کوچ وقار یونس سے بھی ناقص ترین کارکردگی پر بازپرس کی جائے گی جبکہ کرکٹ کمیٹی کے ایک اہم ممبر کو مستقبل میں غیرملکی کوچ کی تلاش کا ٹاسک بھی سونپا گیا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق اگلے ہفتے سلیم یوسف کی سربراہی میں پی سی بی کی کرکٹ کمیٹی کے اجلاس میں بھی مصباح سے خراب کارکردگی اور بعض کھلاڑیوں کی جانب سے درست رویہ روا نہ رکھے جانے کی شکایات کا بھی جائزہ لے کر سفارشات دی جائیں گی۔

آسٹریلیا اورانگلینڈ میں قومی ٹیم کی اوسط درجے کی کارکردگی کے بعد چیف سلیکٹرکا عہدہ چھوڑنے والے مصباح الحق کا اب ہیڈ کوچ کا عہدہ بھی خطرے میں پڑ گیا ہے اور رپورٹس ہیں کہ دورہ نیوزی لینڈ کے بعد اس عہدے سے بھی محروم ہو سکتے ہیں جبکہ شعیب اختر اور راشد لطیف نے بھی ان خبروں کی توثیق کی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کی دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی مختصراور طویل فارمیٹ کی کرکٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی۔ ٹی 20 سیریز کے ابتدائی دو میچز ہارے اور تیسرے میچ میں جیت حاصل ہوئی اور یوں سیریز 1-2 سے نیوزی لینڈ کے نام رہی۔