وزیر اعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔فائل فوٹو
وزیر اعظم ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے۔فائل فوٹو

وزیراعظم کا قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے فیصلہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی سے سینیٹ الیکشن میں اپ سیٹ شکست کے بعد وزیراعظم ایوان سے دوبارہ اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔

وزیراعظم کی جانب سے قومی اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے معاملے پر اسمبلی کا اجلاس آج (جمعرات کو ) ہونے والا اجلاس ملتوی کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق  آج قومی اسمبلی کا اجلاس معمول کے مطابق ہونا تھا تاہم اب  اسے اعتماد کے ووٹ کے اجلاس میں تبدیل کردیا گیا ہے۔قبل ازیں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ  وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کیلیے صدر مملکت کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کیلئے ایڈوائس بھیجی جائے گی۔

قبل ازیں  وزیر خارجہ اورپارٹی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے بنی گالا میں  سینیٹ الیکشن کے حوالے سے  ہونے والے اہم اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے سیاسی کلچرکو تبدیل کرنے کی حتی المقدور کوشش کی۔ قوم اس لڑائی میں دیکھ رہی ہے کہ کون کہاں کھڑا ہے ۔یہ حق اور باطل کی لڑائی ہے جو ہم لڑتے رہیں گے۔ آج کا دن پاکستان کی جمہوریت کیلیے افسوس ناک دن ہے۔ جمہوریت کے علم برداروں نے آج جمہوریت کو روندا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ وزیر اعظم  اور ان کی جماعت نے فیصلہ کیا ہے کہ وزیر اعظم  اس ایوان سے اعتماد کا ووٹ لیں گے تاکہ کھل کر سامنے آ جائے کہ کون عمران خان کے نظریہ کے ساتھ کھڑا ہے۔