راؤ انوار کی عیاشیاں ۔ عدالت آنے سے انکار،گھر میں ہی ڈھیرہ جمالیا

کراچی: نقیب اللہ قتل کیس میں نامزد ملزم معطل ایس ایس پی راؤ انوار پر خصوصی نوازشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔رائو انوار کے ملیر کینٹ میں واقع گھر کو ہی سب جیل قرار دے دیا گیا ۔انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 21 اپریل کو راؤ انوار کو سینٹرل جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا تاہم ملزم کو سیکیورٹی خدشات کی بنا پر ملتان لائنز ملیر کینٹ میں رکھا گیا۔محکمہ داخلہ نے آئی جی جیل خانہ جات کو ٹیلی فون پر بتایا کہ راؤ انوار کوسیکیورٹی خدشات ہیں، انہیں سینٹرل جیل کی بجائے ملتان لائنز ملیر کینٹ میں رکھا جائے اور ملتان لائنز کو سب جیل قرار دیا جائے جس پر ملتان لائنز کو سب جیل قرار دیا گیا۔ملیر کینٹ ملتان لائنز کو سب جیل قرار دینے کا نوٹیفکیشن عدالت کوموصول ہوگیا جس کے مطابق ملتان لائنز، ملیر کینٹ کو سب جیل قرار دینے کے لیے خصوصی احکامات جاری کیے گئے، محکمہ داخلہ نے فون کے ذریعے آئی جی جیل خانہ جات کواحکامات جاری کیے۔نوٹیفکیشن کے مطابق راؤ انوار کو سینٹرل جیل کی بجائے ملیر کینٹ ملتان لائنز میں رکھاگیا ہے۔ذرائع کےمطابق ملیر کینٹ ملتان لائنز میں راؤ انور کی رہائش گاہ ہے اور ان کے گھر کو ہی سب جیل قرار دیا گیا ہے۔ذرائع کا بتانا ہےکہ راؤ انوار کی رہائش گاہ کو واضح نہ کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن میں ملتان لائنز کا ذکر گیاہے۔واضح رہے کہ آج انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی تاہم پولیس نے راؤ انوار کو پیش کرنے کے بجائے ان کا میڈیکل سرٹیفکیٹ پیش کردیا ۔ جس میں کہا گیا کہ وہ بیمار ہیں جس کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتے۔جس پر عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 14 مئی تک ملتوی کردی۔