آصف زرداری نےامین فہیم کوسائیڈلائن لگانےکیلئےنوازشریف سےمددمانگی تھی،جاویدہاشمی

ملتان: سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے دعویٰ کیا ہے کہ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے مخدوم امین فہیم کا پارٹی سے اثر رسوخ ختم کرنے اور انھیں سائیڈ لائن لگانے کیلئے نواز شریف سے مدد مانگی تھی ۔ ملتان پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران جاوید ہاشمی نے کہا کہ آصف زرداری نے بینظیر بھٹو کی موت کے بعد پارٹی پر سینیئر رہنماؤں مخدوم امین فہیم اور رضاربانی کے اثر رسوخ کو ختم کرنے کیلئے نواز شریف سے مدد مانگی تھی ۔ ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ نیب کا ایک ہی مقصد ہے کہ وہ یہ تاثر قائم کرے کہ سیاست گندی اور سیاسدان کرپٹ ہیں۔ نیب نے صرف دو کیسز میں تو خوب کاکردگی دکھائی لیکن وہ مشرف دور میں کی گئی کرپشن کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہا ۔ نیب نے پلی بارگین کی اصطلاح معارف کرائی اور مجرموں کو یہ موقع دیا کہ وہ لوٹی گئی ملکی دولت سے 30 فیصد واپس کرکے اپنی جان چھڑالیں ۔ جاوید ہاشمی نے سپریم کورٹ سے اپیل کی کہ وہ ججوں کے احتساب کو بھی یقینی بنائے ۔ انھوں نے کہ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو اقامے پر نااہل کیا لیکن ملک کے آدھے سے زیادہ لوگ اقامے پر بیرون ملک رہ رہے ہیں ایک سوال پر انھوںنے کہا فوج سیاست میں ملوث ہونے کے بجائے اپنی پیشہ وارانہ ذمہ داریاں نبھائے۔ ن لیگ میں شمولیت سے متعلق سوال پر انھوں نے کہا کہ نوازشریف نے انھیں آئندہ الیکشن لڑنے کیلئے پارٹی ٹکٹ کی پیشکش کی تھی تاہم انھوں نے ابھی مسلم لیگ ن میں دوبارہ شامل ہونےکا فیصلہ نہیں کیا۔