سبیکا شیخ کی نماز جنازہ حکیم سعید گرائونڈ میں ہوگی

پاکستانی طالبہ سبیکا عزیز شیخ کی میت منگل اور بدھ کی درمیانی شب 3 بجے کراچی پہنچنے کا امکان ہے۔طالبہ کے تایا عبدالجلیل شیخ کا کہنا ہے کہ سبیکا کی نماز جنازہ یونیورسٹی روڈ پر واقع حکیم سعید گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی جبکہ تدفین شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں کی جائے گی۔

سبیکا کے تایا کا مزید کہنا تھا کہ میت کے آتے ہی نماز جنازہ اور تدفین کرنے کی کوشش کریں گے، تاہم نماز جنازہ اور تدفین کے وقت کا اب تک تعین نہیں کیا گیا۔

واضح رہے کہ امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔جاں بحق ہونے والوں میں ایک پاکستانی طالبہ سبیکا شیخ بھی شامل تھی۔کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکا اسکالر شپ پروگرام کے تحت امریکا پڑھنےگئی تھی۔