موٹے بچوں کو ذیابیطس سے بچائیں، گائے کا دودھ پلائیں۔ تحقیق

قدرت نے ہر چیز میں کوئی نہ کوئی خوبی چھپا کر رکھی ہے۔کوئی ایسی چیز اس دنیا میں موجود نہیں جس کا کوئی مقصد نہ ہو۔قدرت کی بڑی نعمتوں میں ایک نعمت دودھ بھی ہےاور گائے کا دودھ تقریبا ہر گھر میں ہی استعمال ہو تا ہے۔ایک نئی تحقیق میں یہ بات اب سامنے آئی ہے کہ گائے کا دودھ موٹے بچوں کو ذیابیطس سے بچاتاہے۔
یونیورسٹی آف ٹیکساس میں ہیلتھ سائنس سینٹر کے ماہرین نے کہا ہے کہ اگر موٹاپے کی جانب مائل بچوں کو روزانہ دو گلاس گائے کا کسی بھی قسم کا دودھ دیا جائے تو اس سے نہ صرف ان میں انسولین کا انجذاب بہتر ہوتا ہے بلکہ آگے چل کر خون میں شکر کی مقدار بھی کنٹرول میں رہتی ہے۔
اس سروے کی تفصیلات ویانا میں یورپین کانفرنس آن اوبیسٹی میں پیش کی گئی ہیں جس سے بچوں میں دودھ پینے کی اہمیت مزید واضح ہوتی ہے۔ غذائی ماہر ڈاکٹر مائیکل یافی نے بتایا کہ روزانہ دودھ پینے کی عادت بچوں کو میٹابولک سنڈروم سے بچاتی ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ سروے میں شامل صرف دس بچے ہی ایسے تھے جو دودھ کی ضروری مقدار پی رہے تھے۔
اس سے قبل ماہرین نے انکشاف کیا تھا کہ بڑوں میں بھی دودھ کا استعمال ان کیفیات سے بچاتا ہے لیکن اب یہ بات موٹاپے کے شکار بچوں اور نوعمروں کےلیے بھی ثابت ہوچکی ہے۔ سروے میں 353 موٹے بچوں اور نوعمر افراد کو شامل کیا گیا اور دو برس تک مسلسل ان کا جائزہ لیا جاتا رہا جن کی عمریں 3 سے 18 برس تھیں۔ اس دوران فاسٹنگ انسولین کو بھی شروع میں نوٹ کیا گیا۔ ان میں سے ایک تہائی ہسپانوی بچے تھے جب کہ لڑکیوں میں دودھ پینے کی مقدار لڑکوں سے بھی کم تھی۔
ان میں سے جن بچوں نے مقررہ مقدار سے کم دودھ پیا ان میں فاسٹنگ انسولین کی شرح بقیہ کے مقابلے میں کم تھی۔ اس سے ثابت ہوا کہ دودھ کا باقاعدہ استعمال بچوں میں میٹابولک سنڈروم اور ذیابیطس کے خطرے سے بچاؤ میں اہم کردار ادا کرتا ہے