بلوچستان اسمبلی میں عام انتخابات موخر کرانے کی قرارداد منظور

 

کوئٹہ:بلوچستان اسمبلی میں آئندہ عام انتخابات میں ایک ماہ کی توسیع کی قراردادکثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی کی جانب سے اسمبلی میں قرارداد جمع کرائی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ وفاقی حکومت آئندہ عام انتخابات میں ایک ماہ کی توسیع کرے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ جولائی میں لوگ فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب میں ہوں گے اور جولائی میں مون سون بارشوں کے باعث بلوچستان سے لو گ نقل مکانی بھی کرتے ہیں جس کی وجہ سے لوگ اپنے حق رائے دہی سے محروم رہیں گے لہٰذا عام انتخابات اگست 2018کے ا ٓخری ہفتے میں کرائے جا ئیں۔اسمبلی کے اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ قرار داد کو دوسرا رنگ دیاجارہا ہے، ہم وفاق سے ایک ماہ کے التوا کی درخواست کر رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ پورے پا کستا ن کے ووٹر کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے ابھی تک ہمیں اپنے حلقوں کاپتہ نہیں ہے۔اسمبلی سے خطاب میں رکن عبیدل اللہ بابت نے کہا کہ انتخابات کا التوا خطرناک عمل ہوگا، مجھے اس قرارداد پر افسوس ہوا، ہمارے علاقوں میں موسم اچھا ہے الیکشن کیلئے موزوں ہے۔اس دوران اپوزیشن ارکان نے احتجاج کیا اور اجلاس سے واک آؤٹ کرگئے۔بعد ازاں بلوچستان اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردیا گیا۔