اصغر خان کیس، آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کرنے کا حکم

لاہور: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس سے متعلق کابینہ کا اجلاس نہ بلانے پر برہمی کا اظہار کیا اور حکومت کو آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلا کر فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں خصوصی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
سماعت میں ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے بتایا کہ اس حوالے سے انکوائری جاری ہے۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کابینہ نے اصغر خان کیس سے متعلق اب تک کوئی فیصلہ کیوں نہیں کیا؟
جس پر وفاقی حکومت کے وکیل نے عدالت عالیہ سے استدعا کی کہ کابینہ کا اجلاس بلانے کے لئے مہلت دی جائے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ یہ اتنا سنجیدہ مسئلہ ہے اور حکومت کو کوئی فکرنہیں۔ جسٹس ثاقب نثار نے اصغر خان کیس سے متعلق آج شام تک کابینہ کا اجلاس بلاکر فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آج ہی اس فیصلے سے آگاہ کیا جائے۔