بلدیہ ٹاؤن میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف مکینوں کا دھرنا

کراچی: بلدیہ ٹاؤن نمبر4 میں بجلی کی طویل بندش کے خلاف علاقہ مکینوں نے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کی، مشتعل شہریوں نے ناردرن بائی پاس اورآرسی ڈی شارع کو دھرنا دے کر بند کردیا ۔

 

علاقہ مکین طویل لوڈ شیڈنگ پراحتجاج کرتے ہوئےگھروں سے نکل آئے، مشتعل شہریوں نے ناردرن بائی پاس اورآر سی ڈی شارع پر رکاوٹیں کھڑی کرکے کے الیکٹرک کے خلاف شدیداحتجاج کیااوردھرنا دے کر بیٹھ گئے جس کے باعث ناردرن بائی پاس اورآر سی ڈی شارع پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا اورگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن 4 ،5 اور6 کے مکین روزانہ سحری اورافطاری بغیربجلی کے کررہے ہیں، بلدیہ ٹاؤن میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے لیکن اس کے باجود آئے دن بغیراطلاع غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی جا تی ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے میٹروں کی تنصیب کے باوجود غیراعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا دورانہ کم نہیں ہوا اور وہ مجبور ہوکر احتجاج کررہے ہیں،وفاقی حکومت کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کانوٹس لے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ بلدیہ ٹاؤن نمبر4 میں کنڈا سسٹم نہیں اور مکین کے الیکٹرک کا بل وقت پرادا کر رہے ہیں تاہم اس کے باجود انھیں لوڈ شیڈنگ کاعذاب بھگتنا پڑتا ہے۔

مظاہرے کے باعث ٹریفک جام کی اطلاع ملنے پر پولیس حکام پہنچ گئے اورانھوں نے مظاہرین کو کے الیکٹرک انتظامیہ سے بات چیت کرکے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی جس پرمظاہرین پرامن طورپرمنشتر ہوگئے۔