بدبودار مسافر نے ہوائی جہاز کا رخ تبدیل کروادیا

 

ایمسٹر ڈیم:ہالینڈ میں بین الاقوامی پرواز کے دوران تعفن زدہ مسافر کی وجہ سےہوائی جہاز کا رخ بدل کر اسے کہیں اور اتارنا پڑگیا۔تفصیلات کے مطابق ٹرانسیویا ایئرلائن کی پرواز ہالینڈ کے شائپول ہوائی اڈے سے گران کینیر یا جارہی تھی کہ ایک بدبودار مسافر کی وجہ سےاس کا رخ بدل کر اسے فوری طور پر پرتگال کے شہر فارو میں اتارا گیا۔طیارے کی پرواز کے بعد ہی مسافر کے بدن کی بدبو بند طیارے میں پھیلنے لگی جو ایک مقام پر ناقابلِ برداشت ہوگئی اور کئی مسافر غنودگی میں چلے گئے اور بعض نے قے تک کردی۔ ایک مقام پر عملے نے اس شخص کو زبردستی طیارے کے بیت الخلا میں رکھنے کی کوشش کی جو ناکام رہی۔ اس کے بعد پائلٹ نے ہنگامی طور پر طیارے کا رخ قریبی ملک پرتگال کی جانب موڑ دیا۔

مسافروں میں اکثریت سیاحوں کی تھی جو اپنی چھٹیاں گزارنے جارہے تھے۔ بدبودار مسافر کو ایک بس میں سوار کراکے اسے طبی معائنے کےلیے ہسپتال بھیجا گیا۔ مسافروں کے مطابق یوں لگتا تھا کہ بدبودار مسافروں برسوں سے نہیں نہایا تھا۔ٹرانسیویا ایئرلائن نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ہوائی جہاز کو طبی وجوہ کی بناء پر پرتگال لے جایا گیا تھا۔ تاہم اب تک مسافر کی شدید اور ناگوار بدبو کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔