کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں۔غیرجانبدارانہ الیکشن کراؤنگا۔ حسن عسکری

لاہور:نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے نامزد پروفیسر ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، میں عام انتخابات تک تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاؤں گا اور غیر جانبداری سے الیکشن کراؤں گا ۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا کہ میری کسی سیاسی جماعت سے وابستگی نہیں ہے ، انتخابات میں تاخیر کے حوالے سے ان کے مضامین کے حوالے سے سوال پر ڈاکٹر حسن عسکری کا کہنا تھا کہ مضامین کے نقاط کو کسی صورتحال پر لاگونہیں کیا جا سکتا بلکہ کسی بھی شخص کے خیالات کسی بھی حو الے سے کچھ بھی ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ شفاف انتخابات میر ی ترجیح ہوگی اور پوری دیانتداری سے ذمہ داری نبھانے کی کوشش کروں گا ۔ انہوں نے کہا کہ میرا کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں ہے ، پوری غیر جانبداری سے الیکشن کرواؤں گا اور تمام سیاسی جماعتوں کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاؤں گا ۔کابینہ کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ مختصر اور پروفیشنل افراد پر مشتمل کابینہ ہوگی، کبھی کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں رہا، پنجاب بڑا صوبہ ہے یقینا بھاری ذمہ داری عائد ہوئی ہے، انتخابات صاف اور شفاف کراؤں گا، کوئی جماعت پریشان نہ ہو، میں اپنی آئینی ذمہ داری پوری کروں گا۔