عمران نگراں حکومت کومذموم مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں۔ ن لیگ

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نگران حکومتیں انتخابی عمل میں غیرجانبدار رہنے کی پابند ہوتی ہیں، عمران خان نگران حکومت کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کریں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی حکومت کی دس ہزار سے زیادہ اور پنجاب حکومت کی بنائی ہوئی ساڑھے پانچ ہزار میگاواٹ بجلی پورا پاکستان استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 2013ء میں پورے پاکستان کیلئے بجلی بنانے کا وعدہ کیا تھا، اس کا حساب دیں، خیبرپختونخواہ حکومت کی نااہلی اور نالائقی چھپانے کیلئے چوروں کی طرح شور مچانے کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نگران وزیراعظم کو خیبرپختونخواہ میں اپنی حکومت کی کارکردگی بالخصوص توانائی کے شعبہ کا جائزہ لینے کا بھی خط لکھیں۔مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی وفاقی اور صوبائی حکومت کی کارکردگی کے خوف نے آپ کو ذہنی مریض بنادیا ہے۔