ماؤنٹ ایورسٹ میں ہزاروں ڈالر کے ٹوکن،ڈھونڈسکو تو ڈھونڈلو

بات تو ہے دلچسپ لیکن خطرناک بھی ۔۔ جی ہاں سوال و جواب کی مشہورآن لائن ویب سائٹ آسک ایف ایم نے حال ہی میں اپنی کرپٹو کرنسی ’ اے ایس کے ٹی‘ جاری کی ہے اوراسے لوگوں میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

آسک ایف ایم نے 50 ہزارڈالر کرنسی کے ٹوکن ماؤنٹ ایورسٹ میں چھپا دیئے ہیں اوربہادر کوہ پیماؤں سے کہا ہے کہ وہ اسے ڈھونڈ نکالیں تو یہ کرنسی ان کی ہوگی۔

آسک ایف ایم اس وقت دنیا بھر میں یاہوآنسر اورکورا سے بھی بڑا پلیٹ فارم ہے جہاں سوالات کے جوابات دیئے جاتے ہیں۔ اب اس کمپنی نے اپنی کرپٹو کرنسی جاری کی ہے۔

اس کی تشہیر کے لئے انہوں نے ایورسٹ کی چوٹی پر ہزاروں ڈالر کرنسی کے ٹوکن چھپا دیئے ہیں تاکہ لوگ ہمت کرکے ان کے مالک بن سکیں ، یہ رقم ایورسٹ کے مختلف مقامات پر دفن کی گئی ہے۔

آسک ایف ایم کی ایک تشہیری ویڈیو میں پیغام دیا گیا ہے کہ اگرآپ بہادر ہیں تو جائیں اورکرنسی ڈھونڈ نکالیں تاہم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ کرنسی چھپانے اوراس ویڈیو کی تیاری میں ایک فرد کی جان جاچکی ہے اوراب وہ متنازع طور پر دیگر لوگوں کو ترغیب دے رہے ہیں کہ وہ اس خطرناک کام میں کود پڑیں۔

خدشہ ہے کہ اس لالچ میں کوہ پیمائی کی سوجھ بوجھ نہ رکھنے والے افراد بھی کود پڑیں گے اور رقم کے لئے اپنی جان خطرے میں ڈالیں گے۔

آسک ایف ایم نے یوکرین کے تین کوہ پیما اور دو رضا کاروں کو ویڈیو کے لیے پہاڑ پر بھیجا تھا جن میں سے ایک کوہ پیما ہلاک ہوگیا تھا اور کمپنی نے اس کا اعتراف بھی نہیں کیا ہے۔

واضح رہے کہ ایورسٹ ایک خطرناک چوٹی ہے جہاں اب تک درجنوں افراد جان سے جاچکے ہیں۔