ڈرون کی مدد سے 500مجرم پکڑے گئے

بغیر پائلٹ اڑنے والے چھوٹے طیارے یعنی ڈرونز زندگی کے مختلف شعبوں اپنی افادیت ثابت کرنے کے بعد اب مجرموں کو پکڑنے میں پولیس کی مدد کر رہے ہیں ۔میکسیکو میں ایک ڈرون نے 500 سے زائد ملزمان کو گرفتار کرانے میں پولیس کی مدد کی۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میکسیکو کے شہر اینسیناڈا کی آبادی 5 لاکھ 22 ہزار افراد پر مشتمل ہے،اس شہر میں جرائم کی بہت وارداتیں ہوتیں ہیں لیکن اب ان جرائم کو روکنے کیلئے پولیس نے ایمرجنسی کال کے بعد ڈی جے آئی ڈرون استعمال کرنے شروع کر دیئے ہیں جس سے نہ صرف وارداتوں پر قابو پایا گیابلکہ اس سے سیکڑوں مجرموں کی گرفتاری کا دعویٰ بھی کیا ہے۔
سٹی پولیس کے مطابق صرف ایک ڈی جے آئی انسپائرون کواڈ کاپٹر سے جرائم میں 10 فیصد کمی ہوئی ہے کیونکہ اس علاقے میں گھروں میں چوریوں کی بے تحاشا وارداتیں ہوتی تھیں جن کا گراف اب کم ہوچکا ہے۔
میکسیکو میں اینسیناڈا پولیس چیف جیسس راموس نے کہا ہے کہ ڈرون کی وجہ سے پولیس کے ردِعمل کا وقت کم ہوا ہے اور مجرموں کو پکڑنے میں آسانی ہوئی ہے۔
چار ماہ تک ڈرون نے روزانہ 25 مشن انجام دیئے اور یہ مشن 911 امدادی کالزکے جواب میں کیے گئے تھے۔ جی پی ایس سے لیس اس ڈرون کا سافٹ ویئر کیلی فورنیا کی ایک کمپنی نے بنایا ہے جو خودکار انداز میں ڈرون کو اس جگہ تک پہنچاتا ہے اور اس دوران پورے عمل کی ویڈیو نشر ہوتی رہتی ہے۔
میکسیکو پولیس کے مطابق یہ ڈرون بہت تیزی سے کسی جائے واردات پر پہنچتے ہیں کیونکہ پولیس فوری طور پر وہاں نہیں پہنچ پاتی۔ اس طرح فوری طور پرڈرون کی مداخلت سے جرائم کو روکنے میں مدد ملتی ہے۔
میکسیکو پولیس کے مطابق کئی بار ایسا ہوا کہ ڈرون صرف چند منٹوں میں جائے واردات پر پہنچا اور فرار ہوتے ملزمان کی ویڈیو براہِ راست نشر کردی جس کے بعد پولیس نے انہیں آسانی سے ڈھونڈ نکالا۔
میکسیکو پولیس کے مطابق چور اور ڈاکوؤں کے ذہن میں اپنی واردات اور پولیس کے پہنچنے کا ایک خاص دورانیہ ہوتا ہے اور وہ اسی وقفے میں اپنا کام کرتے ہیں لیکن ڈرون پہنچنے سے وہ فرار ہوجاتے ہیں یا پھر ان کی ویڈیو بننے سے انہیں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔