آصف زرداری، عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج

اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی چیلنج کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق آصف علی زرداری کے قومی اسمبلی کا حلقہ این اے 213 شہید بے نظیر آباد سے جمع کرائے گئ کاغذات نامزدگی فارم نوابشاہ میں دو درخواست گزاروں نے چیلنج کردیا۔
درخواست گزاروں نے کہا ہے کہ آصف علی زرداری نے زرعی ٹیکس اور نہری پانی کے استعمال کا ٹیکس نہیں دیا اس لئے انہیں الیکشن کے لئے نااہل قرار دیا جائے۔ جبکہ سانگھڑ میں 1500 ایکڑ زمین خریدی لیکن اس پربھی زرعی ٹیکس نہیں دیا۔
ریٹرننگ آفیسر محمد محبوب اعوان نے درخواستیں سنتے ہوئے آصف علی زرداری کو نوٹس جاری کر دیا اور درخواستوں پر سماعت 18 جون کے لئے مقرر کر دی گئی۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے این اے 131 لاہور سے جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی پر جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی نے چیلنج کردیا۔
ریٹرننگ افسر نے عمران خان کو بھی 18 جون کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا اور دستاویزی اعتراضات کے شواہد عمران خان کو بھی بھیجنے کا حکم دے دیا گیا۔