بلغاریہ کی گائے سزائے موت سے بچ گئی

بلغاریہ کی عدالت نے بغیر قانونی دستاویزات کے سرحد عبور کرنے والی گائے پینکا (Penka) کو سزائے موت سنائی تھی جس پر سوشل میڈیا پر سخت احتجاج کے بعد بالآخر گائے سزائے موت سے بچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلغاریہ کے سرحدی علاقے کے رہائشی شخص کی گائے حاملہ تھی جسے مالک نے پینکا (Penka) کا نام دیا تھا۔ پینکا بلغاریہ کی سرحد عبور کر کے غیر یورپی ملک سربیا میں داخل ہوگئی تھی جہاں قریبی گاؤں کے دیہاتی نے اسے پکڑ کر دیکھ بھال شروع کردی۔ گائے کے مالک نے سربیا کی سرحدی فورس سے رابطہ کیا جنہوں نے گائے کو سرحد عبور کراکے دوبارہ بلغاریہ کی حدود میں داخل کردیا تھا۔
اس واقعے کی اطلاع بلغاریہ کے حکام کو ہوئی تو انہوں نے گائے کو حراست میں لے کر غیر قانونی طور پر غیر یورپی ملک سربیا سے بلغاریہ کی سرحد عبور کرنے کے جرم کی دفعات لگا کر عدالت کے سامنے پیش کیا جہاں حاملہ گائے کو سزائے موت سنائی گئی۔
اپنی نوعیت کا یہ منفرد فیصلہ سوشل میڈیا پر کئی روز تک زیر بحث رہا اور لوگوں نے اسے بیوقوفانہ قرار دیتے ہوئے خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
جس کے بعد ایک برطانوی گلوکار پال میک کارٹنی (Paul McCartney) کی جانب سے ایک آن لائن پٹیشن شیئر کی گئی جس پر گائے کی سزائے موت کے خلاف 30 ہزار سے زائد دستخط موصول ہوئے۔
اس پٹیشن کی نتیجے میں حکام کو پینکا کو ذبح کرنے کا فیصلہ واپس لینا پڑا اور اس کی جان بخشی کر دی گئی۔