شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی موجودگی پر تحقیقات کا حکم

محکمہ جنگلی حیات سندھ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کے گھر شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا۔
محکمہ سندھ جنگلی حیات کے سربراہ تاج محمد شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی موجودگی پر تحقیقات کا حکم دیاتھااور اگر شاہد آفریدی مجرم ثابت ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
تاج محمدشیخ سے جب پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اس حوالے سے خبردار کیا جاسکتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ گھر میں جنگلی جانور رکھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔
واضح رہے کہ چندروز قبل شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر دو تصاویر شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں شاہد آفریدی کےگھر میں شیر نظر آرہا تھا۔ ان تصویروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا اور صارفین نے انہیں اس قدر شدید تنقید کا نشانہ بنایاگیا۔جس کے بعد اب محکمہ سندھ جنگلی حیات نے واقعے کا نوٹس کے لیا۔