چوہوں کی بینک اے ٹی ایم میں انٹری۔لاکھوں روپے کتر ڈالے

بھارت کے بینک میں ہوئی چوری کی انوکھی مگردلچسپ واردات۔ شرارتی چوہوں نے بینک کے اے ٹی ایم میں انٹری دی اورلاکھوں نوٹوں کی گڈّیاں کتر ڈالیں۔اس واقعے نے بینک اسٹاف سمیت دیکھنے والوں کو بھی حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام میں جب ٹکنیشینز نے ایک خراب اے ٹی ایم مشین کو ٹھیک کرنے کے لیے اسے کھولا تو ان کی حیرت کی انتہا نہ رہی۔
انھیں 12 لاکھ سے زیادہ مالیت کے نوٹ کترے ہوئے ملے اور ان کے مشتبہ مرتکبین کے طور پر چوہوں کے سر الزام گیا۔
اے ٹی ایم کے منیجر چندن شرما نے بتایا کہ خراب ہونے سے قبل اس مشین میں 29 لاکھ روپے ڈالے گئے تھے۔
انھوں نے کہا ’تقربیاً 17 لاکھ روپے بغیر کترے بچ گئے جبکہ 12 لاکھ 38 ہزار مالیت کے روپے کو نقصان پہنچا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ شاید چوہے وائرنگ کے لیے بنے سوراخ کے راستے مشین میں داخل ہو گئے اور انھوں نے کرنسی نوٹ کو کتر دیا۔