کراچی ایئرپورٹ پرمسافر کو پیٹنے والے 5 ایف آئی اے اہلکارمعطل

کراچی میں جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پرمسافرکی پٹائی کرنے والے ایف آئی اے اہلکاروں کو معطل کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہے جبکہ مسافر کو گرفتار کرنے کے بعد رہا کردیا گیا ہے ۔
کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر25 جولائی کی رات بیرون ملک سے آنے والے مسافر کا ایف آئی اے حکام سے جھگڑا ہوگیا تھا ۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ کے بین الاقوامی لاؤنج میں مسافر نے شورشرابا کیا اورخواتین و امیگریشن حکام سے بدتمیزی کی، مسافر کو روکنے کی کوشش کی تو وہ ہاتھا پائی پراترآیا، امیگریشن اہلکاروں نے مسافر کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا۔
ایئرپورٹ پولیس کا کہنا ہے کہ حراست میں لئے گئے مسافرعمیرکو رہا کردیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے عمیر کو دفعہ 54 کے تحت حراست میں لیا تھا اور پولیس کے حوالے کیا تھا تاہم متعلقہ ادارے نے بعد میں مقدمے کی پیروی نہیں کی جس پرمحمد عمیر کے گھر والوں کو تھانے بلا کران کے حوالے کردیا گیا۔
دوسری جانب ڈائریکٹرایف آئی اے سندھ منیر شیخ کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پرمسافر پرتشدد کرنے والے اہلکاروں کے خلاف نوٹس لیتے ہوئے تمام عملے کو معطل کردیا گیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
اس واقعے کی وڈیو منظرعام پرآنے کے بعد ایف آئی اے کے شفٹ انچارج سمیت 5 ایف آئی اے اہلکار معطل کردیئے گئے۔