کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں گے،عمران اسماعیل

کراچی:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اورنامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ بطور گورنر وفاق اور صوبے کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرنا چاہتاہوں، کرپشن پر زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائیں گے اور سندھ میں کسی پراجیکٹ کو رکنے نہیں دیں گے۔
سندھ اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ آج رکنِ سندھ اسمبلی کی حیثیت سے حلف اٹھاؤں گا اور پھر استعفیٰ دے دوں گا جب کہ گورنر کی حیثیت سے سندھ کے وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر چلنا چاہتا ہوں،عمران خان کراچی سمیت پورے سندھ کے لیے بہت بڑا پیکیج دینا چاہتے ہیں جب کہ میں وزیراعظم اور سندھ حکومت کے درمیان پُل کا کردار ادا کروں گا۔
رہنما پی ٹی آئی عمران اسماعیل نے کہا کہ فیصلہ ہوچکا اور سندھ نے اپنا فیصلہ دیدیا لہذا اب لکیر پیٹنے سےکوئی فائدہ نہیں، چاہتےہیں کہ اب معاملات کو آگے لے کر چلیں، نیب اپنا کام کرے اور ہم اپنا کام کریں۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ کوشش ہے جی ڈی اے، ایم کیو ایم، پی پی اور تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلوں جب کہ ہمیں تختی لگانے اور فیتے کاٹنے کا شوق نہیں، ہم سندھ کی مدد کرنے آئے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں عمران اسماعیل نے کہاکہ پیپلزپارٹی سے بلاول ہاؤس کی حفاظتی دیوار گرانے کی بات کریں گے، بیرونی دیوار نہیں گرائی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر کا اعلان عمران خان کریں گے۔