یوم آزادری پرصدر مملکت اورنگراں وزیراعظم کا پیغام

پاکستان کے 72 ویں یوم آزادی کے پُر مسرت موقع پر صدر مملکت ممنون حسین اورنگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے تمام ہم وطنوں کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوم آزادی ملکی ترقی کےلیےتجدیدعہدکرنےکادن ہے،ملک کی ترقی کیلئےتن من دھن سےکام کرنےکاعہد کرناہوگا۔
صدر ممنون حسین نے اس موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مملکتِ پاکستان اللہ تعالیٰ کی ایک نعمت اور برصغیر کے مسلمانوں کے لیے جنت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو درپیش اقتصادی مسائل اور دیگر پیچیدہ معاملات پر قائداعظم اور علامہ اقبال کے افکار پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کے ذریعے ہی قابو پایا جاسکتا ہے۔
نگران وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 14 اگست ہمیں اپنے آباؤاجداد کی برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک محفوظ اور الگ وطن کے حصول کی جمہوری جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، جہاں وہ مذہبی، ثقافتی اور سماجی اقدار کے مطابق اپنی زندگیاں بسر کرسکیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے اتحاد، ایمان اور نظم وضبط کے سنہری اصولوں پر عملدرآمد کے غیرمتزلزل عزم سے ہمیں اپنے موجودہ مسائل پر قابو پانے اور پاکستان کو خودکفیل، اقتصادی لحاظ سے مستحکم اور خوشحال ملک بنانے میں مدد ملے گی۔