کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا

کراچی میں کانگو وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا، متاثرہ شخص کو جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، حالت تشویش ناک ہے۔
جناح اسپتال کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمی جمالی کے مطابق نیو کراچی کے رہائشی 23 سالہ سلمان کو ہفتے کے روز اسپتال لایا گیا تھا، جس کے ٹیسٹ کے بعد اس کے جسم میں کانگو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
سیمی جمالی کے مطابق اس سے قبل جناح اسپتال میں اس سال کانگو سے متاثرہ 8 مریض لائے گئے تھے، جن میں سے دو انتقال کر گئے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی کا کہنا تھا کہ قربانی کے جانور خریدتے وقت اور قربانی کرتے ہوئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں۔

 واضح رہے کہ کانگو کا مرض ایک انسان سے دوسرے میں منتقل ہونے کی صلاحیت رکھتا ہے۔