امید ہے کلبھوشن کیس میں ہمیں عالمی عدالت میں کامیابی ملے گی، وزیر خارجہ

ملتان: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیوسے متعلق ٹھوس شواہد موجود ہیں ، امید ہے کلبھوشن کے معاملے پر ہمیں عالمی عدالت میں کامیابی ملے گی۔
ملتان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کوشش کریں گے کہ عالمی عدالت میں اپنا موقف موثر طور پر پیش کریں، ہمارے پاس کلبھوشن کے خلاف ٹھوس ثبوت ہیں، امید ہے کلبھوشن کیس میں ہمیں بین الاقوامی عدالت میں فتح ملے گی۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں عام آدمی کے جذبات کی ترجمانی کی اور کابینہ کے پہلے اجلاس میں انہوں نے بڑے فیصلے کیے۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کی رہنمائی میں آگے بڑھنے کی کوشش کریں گے، ہمیں کچھ تلخ فیصلے کرنے ہوں گے، جس کے لیے قوم کو تیار رہنا ہوگا۔پہلی کابینہ کے اجلاس میں عمران خان نے بڑے فیصلے کیے ہیں، ان کی رہنمائی میں آگےبڑھنے کی کوشش کریں گے۔