نوازشریف کےخلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
نوازشریف کے وکیل کی عدم موجودگی کے باعث العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت کل صبح ساڑھے نو بجے تک ملتوی ہوگئی۔
احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت پرتفتیشی افسرمحبوب عالم کا کہنا تھا کہ نوازشریف کوشامل تفتیش ہونے کے لیے سمن جاری کیے تھے، نیب پراسیکیوٹرکا کہنا تھا کہ طلبی کےسمن پہلے ہی عدالت میں پیش کیے جا چکے ہیں۔
خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ سمن ایڈیشنل ڈائریکٹراسٹاف نیب لاہورنے بھیجے تھے، سمن پرجس کے دستخط ہیں اسےعدالت میں بطورگواہ پیش نہیں کیا گیا۔
نوازشریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ نوٹس سے متعلق تفتیشی افسرکا بیان سنی سنائی باتوں پرمشتمل ہے۔
تفتیشی افسرمحبوب عالم کا کہنا تھا کہ نواز شریف شامل تفتیش ہوئے ہی نہیں، وہ جانتے تھے نیب عدالتی احکامات کی روشنی میں تفتیش کررہا ہے۔
واضح رہے کہ 27 اگست کو سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید 6 ہفتے کی مہلت دی تھی۔