شہباز شریف نے رانا مشہود کے بیان کا نوٹس لیا ہے، نواز شریف

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رانا مشہود کے بیان کا نوٹس لے لیا ہے۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران نواز شریف سے صحافی نے سوال کیا کہ رانا مشہود کے بیان پر آپ کیا کہیں گے، جس پر انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اس پر نوٹس لے چکے ہیں۔ صحافی نے سوال کیا، رانامشہود کا بیان پارٹی پالیسی تھی یا کچھ اور؟ جس پر انہوں نے کہاکہ آپ اس بارے میں بہتر جانتے ہیں۔
ایک اور سوال پر نواز شریف نے شعر کی صورت میں ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’غالب ہمیں نہ چھیڑ کہ پھر جوش اشک سے، بیٹھیں ہیں ہم تہیہ طوفاں کیے ہوئے‘۔ انہوں نے مزید سیاسی گفتگو سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ میرا ذہن کسی اور کیفیت میں ہے اور آپ مجھ سے سیاسی سوال پوچھ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ سے (ن) لیگ کے معاملات کافی حد تک ٹھیک ہوگئے ہیں اور معاملات کو درست کرنے میں شہباز شریف کا بہت بڑا کردار ہے، اسی طرح چلتا رہا تو 2 ماہ کے بعد پنجاب میں (ن) لیگ دوبارہ حکومت بنائے گی۔