نوازشریف کا ای سی ایل سے نام نکلوانے کیلئے وزارت داخلہ کو خط

اسلام آباد:سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ سے اپنا، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کا نام ایگزیکٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست کردی۔
سابق وزیراعظم نواز شریف نے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر نے 4 اکتوبر کو وزارت داخلہ کو درخواست کی تھی، درخواست پر جواب نہ آنے کے بعد دوبارہ رابطہ کیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے ہیں، ای سی ایل سے نام نکالا جائے، ای سی ایل میں نام ڈال کر آئین کی خلاف ورزی کی گئی، نواز شریف کی جانب سے موقف اپنایا گیا ہے کہ یہ اقدام آرٹیکل 4 ، 15 اور 25 کے خلاف ہے، کسی عدالت نے نام ای سی ایل پر ڈالنے کا حکم نہیں دیا ۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے کہ احتساب عدالت نے تینوں ملزمان کو کرپشن کے الزام سے بری کیا، نیب کرپشن کے الزامات ثابت کرنے میں ناکام رہا، ہم قانون پر عمل در آمد کرنے والے شہری ہیں، ہم نے رضاکارانہ گرفتاری دی، تینوں نے عدالت کے سامنے پیش ہونے کے بانڈز جمع کروا رکھے ہیں، تینوں کے افراد ای سی ایل سے نکالے جائیں۔
یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے پہلے اجلاس میں نواز شریف اور ان کی بیٹی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔