حکومت کی پچاس دن کی کارکردگی زیرو ہی نہیں مائنس میں ہے،خورشید شاہ

اسلام آباد: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشیدشاہ نے کہا ہے کہ عوام تیزی سے گرتی ملکی معیشت پر پریشان ہیں، نئے ٹیکسز،مہنگی بجلی، گیس کے اثرات سے عوام غصے میں ہیں، حکومت کی پچاس دن کی کارکردگی زیرو ہی نہیں مائنس میں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےرہنما پی پی پی خورشیدشاہ کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں عام طور پر ہر جماعت اپنی خالی کردہ نشستوں پر دوبارہ کامیاب ہوجاتی ہے، جس طرح پیپلز پارٹی نے سندھ میں اور چوہدری برادران تک نے اپنی خالی کردہ نشستیں جیت لیں لیکن تحریک انصاف بڑی تعداد میں اپنی ہی نشستیں ہار گئی، لاہور میں توعوام نے حکومتی جماعت کو اڑا کر رکھ دیا۔
خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے آئی ایم ایف جانے اور دیگر اقدامات سمیت یو ٹرنز پر ان کے جیتے حلقوں میں بھی یو ٹرن آ گیا، عوام تیزی سے گرتی ملکی معیشت پر پریشان ہیں، نئے ٹیکسز،مہنگی بجلی، گیس کے اثرات سے عوام غصے میں ہیں، حکومت کی پچاس دن کی کارکردگی زیرو ہی نہیں مائنس میں ہے اور یہ وفاقی حکومت کی 50 روزہ کارکردگی کا ردِعمل ہے، ضمنی انتخابات نتائج کے بعد اسمبلیوں میں اپوزیشن کی آواز مزید زور پکڑے گی۔