پاکستان نے آسٹریلیا کو ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست دے کر سیریز جیت لی

ابوظہبی : محمد عباس کی تباہ کن باولنگ کی بدولت پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو373رنز سے شکست دے کر 1-0 سے سیریز اپنے نام کر لی ہے۔
ابوظہبی ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں قومی ٹیم نے بابراعظم 99 اور سرفراز احمد کے 81 رنز کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 400 رنز بناکر اننگز ڈکلیئر کردی تھی جس کے باعث آسٹریلیا کو ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے 538 رنز کا ہدف ملا تاہم آسٹریلوی ٹیم صرف 164 رنز ہی بناسکی۔
چوتھے روز آسٹریلیا نے ایک وکٹ کے نقصان پر 47 رنز سے اپنی نامکمل اننگز کا آغاز کیا لیکن محمد عباس نے ایک بار پھر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے آسٹریلن بلے بازوں کی ایک نہ چلنے دی اور آدھی ٹیم کو صرف 78 رنز پر ہی پویلین بھیج دیا۔
قومی ٹیم کی جانب سے محمد عباس نے دوسری اننگز میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 3 وکٹیں یاسر شاہ کے حصے میں آئیں اور ایک وکٹ میر حمزہ نے حاصل کی۔
آسٹریلیا کے اوپننگ بلے باز عثمان خواجہ انجری کے باعث بیٹنگ کے لیے نہ آسکے جب کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد بھی انجری کے باعث گراؤنڈ میں نہیں اترے اور ان کی جگہ محمد رضوان نے وکٹ کیپنگ کے فرائض انجام دیے۔
اس سے قبل قومی ٹیم نے دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 282 رنز بنائے تھے جب کہ آسٹریلیا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں صرف 145 رنز ہی بناسکی اور آؤٹ ہوگئی۔
واضح رہے پہلے ٹیسٹ میں آسٹریلین بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کے ذریعے میچ ڈرا کرکے پاکستان کو یقینی فتح سے محروم کردیا تھا۔