پی ٹی آئی کراچی میں اپنی 2 نشستوں پرکامیاب،پشاور میں اے این پی کامیاب

قومی اسمبلی کی ایک اور صوبائی اسمبلیوں کی دو نشستوں پر ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق این اے 247 سے پی ٹی آئی اور پی ایس 111 میں بھی تحریک انصاف کے امیدوار قرار پائے ہیں جبکہ پی کے 71 میں عوامی نیشنل پارٹی کامیاب قرار پائی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 247، پی ایس 111 اور خیبرپختونخواہ کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی کے 71 پر ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا گیا ، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوکر شام پانچ بجے اپنے مقررہ وقت پر ختم ہوئی۔
این اے 247 سے عام انتخابات میں تحریک انصاف کے ڈاکٹر عارف علوی کامیاب ہوئے تھے ، انہیں صدرِ پاکستان بنائے جانے کے سبب یہ نشست خالی ہوئی۔ پی ایس 71 سے تحریک ِ انصاف کے عمران اسماعیل منتخب ہوئے تھے، جن کے گورنرسندھ بنائے جانے کے سبب یہ نشست بھی خالی ہوگئی تھی۔
دوسری جانب خیبر پختونخواہ کی نشست پی کے 71 پر کامیاب ہونے والے تحریکِ انصاف کے شاہ فرمان کو گورنر خیبرپختونخواہ مقرر کیا گیا جس کے سبب یہ نشست بھی خالی ہوگئی تھی۔
قومی اسمبلی کے حلقے این اے 247 کراچی کے 240 میں سے 234 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے آفتاب حسین صدیقی 32326 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جب کہ ایم کیو ایم کے صادق افتخار 13985 ووٹ لے کر دوسرے اور پیپلزپارٹی کے قیصر خان نظامانی 13012 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
سندھ اسمبلی کے حلقے پی ایس 111 کراچی کے 80 میں سے 75 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے شہزاد قریشی 11658 ووٹ لے کامیاب ہوئے جب کہ پیپلزپارٹی کے فیاض پیرزادہ 5780 ووٹ کے ساتھ دوسرے اور ایم کیو ایم کے جہانزیب مغل 2146 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔
خیبر پختونخوا اسمبلی کے حلقے پی کے 71 پشاور کے مجموعی 86 پولنگ اسٹیشنز کے نتائج کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صلاح الدین 11257 ووٹ لے کر جیت گئے جب کہ تحریک انصاف کے ذوالفقار خان 9854 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔