کسی وزیر کیخلاف کرپشن تحقیقات نہیں ہو رہی،فواد چوہدری

اسلام آباد: وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ وزرا کے خلاف تحقیقات کی خبر میں حقیقت نہیں ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے کسی ایسی تحقیقات کا نہیں کہا گیا، انہوں نے ہمیشہ زور دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی کرپشن کو برداشت نہیں کریں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جس طرح کی اخبار میں ہیڈ لائن دی گئی ہے یہ بات غیر اخلاقی ہے ، حکومت کا موقف لیے بغیر ایسی خبر صحافتی تقاضوں کے منافی ہے ۔
واضح رہے کہ شائع شدہ اخباری خبر کے مطابق عمران خان نے کابینہ اجلاس میں وزراء سے کہا تھا کہ انہیں 3 وزراء کی کرپشن کے بارے میں ابتدائی رپورٹس موصول ہو چکی ہیں، الزامات کی تحقیقات کاحکم دے دیا ہے اور الزامات ثابت ہونے پر وہ کسی قسم کی گنجائش نہیں رکھیں گے اور کرپٹ وزراء کو برطرف کریں گے۔