حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ پھر موخر کردیا

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ ایک مرتبہ پھر موخر کردیا۔
اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ایک بار پھر موخر کردیا گیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ ای سی سی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے قابل وصول واجبات میں بہتری تک قیمت میں اضافہ نہیں ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بدھ کو وزیر خزانہ اسد عمر کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس دوبارہ ہوگا جس میں بجلی کے قابل وصول واجبات کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نیپرا نے حکومت کو 3 روپے 82 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی جب کہ حکومت اس سے قبل گیس کی قیمتوں میں 10 سے لے کر 143 فیصد تک اضافہ کرچکی ہے جب کہ منی بجٹ کی صورت میں عوام پر مہنگائی کا بم بھی گرایا جاچکا ہے۔