سعد رفیق اور سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت میں توسیع

لاہور ہائی کورٹ نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی پیراگون اسکینڈل میں عبوری ضمانت میں 14 نومبر تک توسیع کر دی۔
خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کے خلاف نیب میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کی تحقیقات جاری ہیں اور اس میں ممکنہ گرفتاری سے بچنے کے لیے انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی ہدایت کی تھی۔
لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ برادران کی درخواست پر سماعت کرکے ان کی ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی تھی اور نیب کو انہیں 24 اکتوبر تک ممکنہ گرفتاری سے روک دیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری کی درخواست پر آج سماعت ہوئی جس سلسلے میں دونوں بھائی عدالت عالیہ کے روبرو پیش ہوئے۔
عدالت میں سماعت کے موقع پر نیب کی ایک ٹیم بھی موجود تھی جو حافظتی ضمانت میں توسیع نہ ہونے کی صورت میں انہیں گرفتار کرنے کے لیے آئی تھی تاہم عدالت نے خواجہ سعد اور سلمان رفیق کی حفاظتی ضمانت میں مزید 15 روز کی توسیع کردی۔
لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی اور دونوں کی ضمانت قبل از وقت گرفتاری میں 14 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے نیب کو گرفتاری سے روک دیا۔