صدر مملکت 31 اکتوبر کو کراچی میں لوکل ٹرین کا افتتاح کریں گے،شیخ رشید

لاہور: وزیرریلوے شیخ رشید کا کہناہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی میں لوکل ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہےجس کا افتتاح صدر مملکت عارف علوی 31 اکتوبر کو کریں گے۔
اپنے ویڈیو بیان میں شیخ رشید نے بتایا کہ ٹرین دھابیجی، لانڈھی اور کراچی کے درمیان ٹرین چلےگی جب کہ اگلے مرحلے میں کراچی حیدر آباد شٹل ٹرین ہوگی۔
انہوں نے بتایا کہ لوکل ٹرین کا افتتاح 31 اکتوبر کو شام 4 بجے صدر مملکت عارف علوی کریں گے، ٹرین چلانےکا مقصد مزدوروں کے لیےآسانیاں پیدا کرنا ہے، مزدوروں کے لیے عمران خان کا کیا گیا وعدہ پورا ہوگیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یہ ہماری حکومت کے 60 دنوں میں چھٹی ٹرین ہے، 100 دنوں میں 10 ٹرینیں چلانےکا وعدہ پورا کریں گے، میانوالی، لاہور اور سکھر ایکسپریس کے بعد سندھ کا رخ ہے۔
وزیرریلوے نے مزید کہا کہ ریلوے میں 10 ہزار لوگوں کو میرٹ پر نوکری دیں گے، ریلوے کا نعرہ ہے آرام حرام ہے، ہم ریلوے کا خسارہ ایک سال میں ختم کرکے دکھائیں گے۔