آمدن سے زائد اثاثوں کا کیس:حمزہ شہباز نے بیان ریکارڈ کرا دیا

لاہور : آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوئے اور سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، نیب ٹیم حمزہ شہبازکی جانب سے فراہم کی گئیں دستاویزات کا جائزہ لے گی۔
تفصیلات کے مطابق کرپشن کے الزام میں گرفتار شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نیب آفس میں پیش ہوگئے، نیب کی دورکنی تحقیقاتی ٹیم نے حمزہ شہباز سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی۔
حمزہ شہباز نے نیب ٹیم کی جانب سے دیئے گئے سوالنامے کے جوابات جمع کرائے، انھیں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں طلب کیا گیا تھا۔
نیب ٹیم حمزہ شہباز کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات اور سوالوں کے جوابات کا جائزہ لے گی اور اگر مطمئن نہ ہوئی تو دونوں بھائیوں کو دوبارہ طلب کرے گی۔
نیب نے سلمان شہباز کو بھی آج طلب کر رکھا تھا لیکن وہ بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے۔
خیال رہے نیب اس سے قبل دونوں بھائیوں کو دو مرتبہ طلب کر چکا ہے، سلمان شہباز ایک مرتبہ پیش ہو چکے ہیں جبکہ حمزہ شہباز آج پہلی مرتبہ اس کیس میں پیش ہوئے۔