بجلی بحران نے پھرسر اٹھا لیا،دھند ذمے دار قرار

اسلام آباد:ملک میں بجلی کے بحران نے ایک بار پھر سر اٹھا لیا۔وزارت توانائی نے بجلی بحران کی ذمہ داری دھند پر ڈال دی ہے۔

وزارت توانائی کے ذرائع نے بتایا ہے کہ بجلی کا شارٹ فال  5850 میگاواٹ تک پہنچ گیا ہے، ملک میں  بجلی کی مجموعی پیداوار 8150 میگاواٹ اور طلب 14  ہزار میگاواٹ ہے جب کہ گدو، بلوکی، حویلی شاہ بہادر سمیت 13 پاور پلانٹس بند ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تربیلا اور منگلا میں بجلی پیدا کرنے والے 22 یونٹس بند ہیں،پن بجلی ذرائع سے صرف 600 میگاواٹ بجلی پیدا ہورہی ہے جبکہ سرکاری تھرمل پاور پلانٹس 2550 میگاواٹ بجلی پیدا کررہے ہیں، نجی شعبے کے بجلی گھروں کی پیداوار 5 ہزار میگاواٹ ہے۔

بجلی بحران کے باعث لاہور سمیت پنجاب کے بڑے شہروں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ  پانچ  گھنٹوں سے تجاوز کر چکا ہے جب کہ دیہات میں یہ دورانیہ 10 گھنٹے سے بھی زائد ہے۔

ذرائع کے مطابق شدید دُھند کی وجہ سے ٹرانسمیشن لائنز کے انسولیٹر اسٹرنگ شارٹ ہونے سے 500 کے وی اور 220 کے وی کے متعدد سرکٹس ٹرپ کرگئے ہیں جس کی وجہ سے بلوکی پاور پلانٹ 1200 میگاواٹ، کے ای ایل 124 میگاواٹ، نشاط چونیاں پاور 195 میگاواٹ اور نشاط پاور 185 میگاواٹ سسٹم سے آؤٹ ہوگئے۔