حافظ عمار یاسر کی فائل فوٹو
حافظ عمار یاسر کی فائل فوٹو

ق لیگ کے وزیر عمار یاسر نے استعفیٰ دیدیا

مسلم لیگ ق سے تعلق رکھنے والے وزیر معدنیات پنجاب عمار یاسر نے پارٹی قیادت کو اپنا استعفیٰ بھجوا دیا۔

اپنے استعفے میں عمار یاسر نے مؤقف اپنایا کہ میری وزارت اور کام میں بلاوجہ رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں، میں نے وزارت کا منصب ملک و قوم کی خدمت کے لیے قبول کیا تھا۔

استعفے کاعکس

انہوں نے مزید کہا کہ میں دباؤ میں کام کرنے کا عادی نہیں، اپنی وزارت میں پوری طرح کام نہیں کر پارہا اس لیے وزارت سے استعفیٰ دے رہا ہوں۔

خیال رہے کہ پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف نے ق لیگ کے ساتھ مل کر مخلوط حکومت قائم کی ہے جس کے تحت ق لیگ کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی مقرر کیا گیا ہے اور ق لیگ کے دیگر ارکان کو وزارتیں بھی دی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ کچھ دن قبل وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے نے مسلم لیگ(ق) میں فارورڈ بلاک بننے کا بیان دیا تھا جس پر ق لیگ کی جناب سے ناراضگی کااظہار کیا گیا تھا،وفاقی وزیر نے اس پر معذرت کرلی  تھی۔