کے الیکٹرک نے شہری کو 11ہزار والٹ کے رحم وکرم پر چھوڑدیا

کے الیکٹرک کی لاپرواہی اور غفلت کے باعث اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہوچکی ہیں ، مسلسل ہونے والے حادثات و واقعات کے بعد بھی کے الیکٹرک کوکوئی ہوش نہیں ہے،اطلاع کے باوجود کے الیکٹرک گھر کے پاس سے 11 ہزار واٹ کی ہائی ٹینشن لائن ہٹانے پر تیار نہیں۔

اطلاعات کے مطابق گذشتہ روز تیز ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے سبب کورنگی میں 11 ہزار وولٹ بجلی کے تار گھر کی دیوار سے ٹکرانے سے پورے گھر میں کرنٹ دوڑ گیا۔ واقعہ کے بعد خوفزدہ شہری نے بیوی بچوں کے ساتھ رات سردی میں سڑک پر گزاری، واقعہ کی شکایت درج کرانے کے باوجود کے الیکٹرک انتظامیہ کے کانوں میں جوں نہ رینگی۔

کورنگی کراسنگ سیکٹر 30/A الطاف ٹائون کی گلی نمبر 3 کے مکان نمبر 1 کے رہائشی ملک حق نوازنے کے الیکٹرک کو ہائی ٹینشن تاریں ہٹانے کے لئے ایک ماہ قبل درخواست دی تھی کہ گیارہ ہزار وولٹ کے تار اس کے گھر سے صرف تین انچ دور ہیں جنہیں فوری طوپرہٹایا جائے لیکن کوئی ایکشن نہیں لیاگیا۔

تاروں سے گھرمیں کرنٹ لگنے کی اطلاع اتوار کی رات 2 بجے کے الیکٹرک کو دی گئی تو صبح پانچ بجے انہوںنے لنک کاٹ دیئے جس سے پورے علاقے کی بجلی بند ہوگئی۔

متاثرہ شہری پیر کو تیز بارش کے باعث وہی صورتحال پیدا ہونے پررشتے داروں کے گھر رہنے پر مجبور ہوگیاہے، اس کی متعدد درخواستوں کے باوجود کے الیکٹرک اس کے گھر سے ہائی ٹینشن تاریں ہٹانے کیلئے تیار نہیں ہے۔