نشہ میں دھت روسی شہری کی طیارہ اغوا کرنے کی کوشش ناکام،ملزم گرفتار

نشہ میں دھت روسی مسافر کی جانب طیارہ کو اغواکرنے کی کوشش ناکام بنا کر اسے گرفتارکرلیاگیا، نشہ میں دھت مسافر کی جانب سے طیارے کے اغواکی کوشش پر طیارے کوسائبیریا میں ایمرجنسی لینڈنگ کرناپڑی تھی۔

بین الاقوامی زرائع ابلاغ کے مطابق طیارے میں موجودایک مسافر نے بتایا کہ سائبیریا کے شہر سارگٹ سے ماسکو جانے والی پرواز میں نشہ میں دھت روسی شہری نے اپنے مسلح ہونے کا اعلان کرتے ہوئے پرواز کے دوران کاک پٹ میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی ۔

ہائی جیکنگ کی کوشش کرنے والے مسافر کامطالبہ تھا کہ پرواز کو روٹ تبدیل کرکے اسے افغانستان لیجایا جائے، بعدازاں علم ہوا کہ وہ جھوٹ بول رہاتھااور وہ مسلح نہیں تھا۔

روسی ٹی وی پر دکھائی جانےوالی وڈیوں میں دکھایا گیا کہ طیارے کے ایک سیکیورٹی افسر نے موقع پاتے ہی نشہ میں دھت مسافر کو قابو کرکے اس کے ہاتھ پشت پر باندھ دیئے ۔

اغوا کے مبینہ واقعہ کے دوران طیارے کے تمام مسافراورعملہ بالکل محفوظ رہا اور کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ ہوائی جہازوں میں شراب پیئے ہوئے مسافروں کی آمدو رفت معمول کی بات سمجھی جاتی ہے لیکن ایک شرابی کی جانب سےطیارہ اغوا کرنے کی کوشش کاواقعہ پہلی مرتبہ سامنے آیا ہے۔
روسی تحقیقی اداروں کے افسران کا کہنا ہے کہ گرفتارملزم کو دھمکیاں دینے اور طیارہ ہائی جیک کرنے کے الزامات پر عدالتی کارروائی کاسامنا کرناپڑے گااورجرم ثابت ہونے پر اسے سات سے 12سال قید کی سزاہوسکتی ہے۔