ہواوے کے ایک ماڈل میں سیکیورٹی خامیاں تھی۔فائل فوٹو
ہواوے کے ایک ماڈل میں سیکیورٹی خامیاں تھی۔فائل فوٹو

چوری کے موبائل فون فروخت کرنے والے 25 دکاندار پکڑے گئے

کراچی میں سخی حسن پرواقع سرینا موبائل مارکیٹ میں سرچ آپریشن کے دوران مشکوک اور چوری شدہ موبائل فونز کو قبضے میں لے لیا گیا۔

پولیس اور رینجرز نےمشترکہ آپریشن کرتے ہوئے سرینا موبائل مارکیٹ سے 25 دکانداروں کو تفتیش کے لیے حراست میں لے کر35 موبائل فونز و دیگر ڈیوائسز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

ایس ایس پی ضلع وسطی عارف اسلم راؤ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سخی حسن پر واقع موبائل مارکیٹ میں چوری شدہ اور چھینے گئے موبائل فون فروخت کیے جانے کی شکایات موصول ہوئی تھیں جس کے بعد آپریشن کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ آپریشن کے اختتام پر 25 دکانداروں کو تفتیش کے لیے حراست میں لے کر 35 موبائل فونز و دیگر ڈیوائسز کو اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔

سال 2018 میں شہر قائد میں موبائل فون چوری اور چھینے جانے کی وارداتوں میں اضافہ دیکھا گیا تھا اور گزشتہ ماہ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے انکشاف کیا تھا کہ 2013 میں چھینے گئے 12ہزار 187 موبائل فونز کے مقابلے میں 2018 میں شہری 14ہزار سے زائد موبائل فونز سے محروم ہو گئے ہوئے۔

آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر کلیم امام نے دعویٰ کیا تھا کہ موبائل فونز کی چوری کی وارداتوں میں اضافے کی وجہ یہ ہے کہ اب باقاعدہ ایف آئی آر درج کی جاتی ہے جبکہ ماضی شہری اپنے چوری شدہ موبائل فونز کی رپورٹ درج نہیں کراتے تھے۔